ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مدھیہ پردیش میں اپریشن کمل کا معاملہ ؛ وزیراعلیٰ کمل ناتھ نے کہا، اب بھی اُن کے پاس ہی ہے اکثریت، سندھیا پر دھوکہ سے دستخط لینے کا الزام

مدھیہ پردیش میں اپریشن کمل کا معاملہ ؛ وزیراعلیٰ کمل ناتھ نے کہا، اب بھی اُن کے پاس ہی ہے اکثریت، سندھیا پر دھوکہ سے دستخط لینے کا الزام

Tue, 10 Mar 2020 22:03:08    S.O. News Service

نئی دہلی 10/مارچ(ایس او نیوز) مدھیہ پردیش کی سیاست میں جیوتی رادتیا سندھیا کی چال کے سامنے کمل ناتھ جھکنے کو تیار نہیں ہیں، منگل کی شام کو بھوپال میں دو بڑے واقعات ہوئے، پہلے  مدھیہ پردیش میں اپوزیشن لیڈر گوپال بھارگوا اور نروتم مشرا اسمبلی اسپیکر این پی پرجاپتی کی رہائش گاہ پر پہنچے۔ یہاں انہوں نے کانگریس سے استعفیٰ دینےوالے 19 اراکین اسمبلی کی فہرست پیش کی  اس کے فورا بعد ہی وزیر اعلی کمل ناتھ نے کانگریس کے ممبران اسمبلی کا اجلاس بلایا۔ اجلاس میں  کانگریس قائدین پی سی شرما اور شوبھا اوجھا نے دعوی کیا کہ کمل ناتھ سرکار کے پاس  اکثریت ہے۔

ذرائع سے ملی  اطلاع  کے مطابق  کمل ناتھ،   ناراض ایم ایل اے کو گھر واپسی کی  کوشش کریں گے۔ کرناٹک میں موجود ناراض ارکان اسمبلی کو راضی کرنے کے لئے کمل ناتھ سجن سنگھ ورما اور گووند سنگھ سمیت تین افراد کو کرناٹک بھیج رہے ہیں۔  بتایا جارہا ہے کہ تیسرا گروپ  غیر سیاسی ہوگا۔ پی سی شرما نے صحافیوں کو بتایا کہ کانگریس کے ارکان  کو ورغلایا  گیا۔ اسپیکر کو پیش کیا گیا استعفیٰ  دباؤ میں لکھا گیا ہے۔

خیال رہے کہ منگل کو کانگریس کے سنئیر لیڈر جیوتی رادتیہ سندھیا کے 22 ارکان کے ساتھ کانگریس سے مستعفی ہونے کے بعد مدھیہ پردیش میں کانگریس شدید بحران کا شکار ہوگئی ہےجس کے ساتھ ہی کانگریس کی سرکار ایم پی میں گرنے کے آثار نظر آرہے ہیں۔ مگر شام کو وزیراعلیٰ کمل ناتھ نے  یہ کہہ کر جھکنے سے انکار کردیا ہے کہ اُن کےپاس ابھی بھی اکثریت ہے۔

راجیہ سبھا کی حمایت کے لئے دستخط لئے گئے تھے
شوبھا اوجھا نے کہا کہ اراکین سے کہا گیا تھا کہ جیوتی رادتیہ سندھیا کو راجیہ سبھا کا ٹکٹ دلانا ہے  ، لہذا آپ ان کی حمایت میں دستخط کریں۔ اسی بہانے سے اراکین اسمبلی سے ایک کورے کاغذ پر  دستخط   لئے گئے   پھر اسی  کاغذ کو اُن کے استعفے کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔

آج 94 ممبران اسمبلی اجلاس میں پہنچے
شوبھا اوجھا نے دعوی کرتے ہوئے کہا کہ کمل ناتھ کی سرکار   پوری طرح   محفوظ ہے۔ ودھان سبھا میں فلور ٹیسٹ کے دوران کانگریس کے ارکان اسمبلی صرف کمل ناتھ حکومت کی حمایت میں ووٹ کریں گے۔ اس اجلاس میں حصہ لینے کے لئے نکلے بہت سے اراکین اسمبلی نے بتایا کہ وزیر اعلی کمل ناتھ کے ذریعہ بلائی گئی آج کی میٹنگ میں 94 ممبران اسمبلی میں حاضر ہوئے تھے۔


Share: